بیت المقدس،4ستمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)ہفتے کی شب اسرائیلی فوج نے غزہ پٹی کی سرحد پر حماس تنظیم کے ایک ٹھکانے کو ٹینک کے ذریعے فائرنگ کا نشانہ بنایا۔ یہ کارروائی علاقے میں اسرائیلی فوج پر فائرنگ کے واقعے کے بعد کی گئی۔حماس کے زیر انتظام غزہ پٹی میں سکیورٹی ذرائع نے تصدیق کی ہے غزہ پٹی کے شمال میں بیت لاہیا میں حماس کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا گیا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ادھر اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اسرائیل اور غزہ پٹی کے درمیان سرحد پر اس کے اہل کاروں کو فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا جس کے بعد جوابی کارروائی کے طور پر ٹینک سے فائرنگ کی گئی۔یاد رہے کہ 2008سے اب تک غزہ میں اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان 3 جنگیں ہو چکی ہیں۔